ممبئی:مہاراشٹر کے گڈچرولی ضلع میں بدھ کو سیکورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران 12 ماؤنوازوں کو ہلاک کر دیا۔ جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ حکام نے بتایا کہ انکاؤنٹر کے دوران ایک پی ایس آئی اور سی -60 فورس کے ایک سپاہی کو گولی مار دی گئی۔ لیکن ان کی جان خطرے سے باہر ہے، ان کو نکال کر ناگپور بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 10 بجے گڈچرولی سے ایک آپریشن شروع کیا گیا، جس میں ڈپٹی ایس پی (آپریشنز) کی قیادت میں مہاراشٹر پولس کی سی -60 فورس کی 7 ٹیموں کو چھتیس گڑھ سرحد کے قریب ونڈولی گاؤں روانہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ پولیس کو 12-15 ماؤنوازوں کے گاؤں کے قریب کیمپ لگانے کی مصدقہ اطلاع ملی تھی۔ پولیس اور ماؤنوازوں کے درمیان دوپہر میں زبردست فائرنگ شروع ہوگئی۔ رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے 6 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔