ممبئی: مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے ماحول کے درمیان شیو سینا یو بی ٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ایک اہم بات کہی ہے حالانکہ ماحول انتخاب کا ہے تو اسے سیاسی چال بھی کہہ سکتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم مودی مراٹھا اور دھنگر برادریوں کے ریزرویشن کا کوئی حل نکال لیتے ہیں تو ان کی پارٹی کے تمام رکن پارلیمنٹ مودی کے ذریعے اُٹھائے گئے اس قدم کی حمایت کریں گے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ صرف وزیر اعظم مودی ریزرویشن کی زیادہ سے زیادہ حد کو 50 فیصد تک بڑھا سکتے ہیں۔
حال ہی میں اجیت پوار کی زیر قیادت این سی پی لیڈر چھگن بھجبل نے اس معاملے پر شرد پوار سے مداخلت کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد شرد پوار نے ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے بھی ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان ملاقات کافی دیر تک جاری رہی۔ ریاست میں ریزرویشن کے معاملے پر مراٹھا اور او بی سی آپس میں لڑ رہے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے یہ بات ماتوشری میں مراٹھا ریزرویشن تحریک سے وابستہ کارکنوں سے ملاقات کے بعد کہی۔ مراٹھا ریزرویشن کا مطالبہ کرنے والے کارکن ادھو ٹھاکرے سے اس معاملے پر اپنا موقف واضح کرنے کو کہہ رہے تھے۔ اس کے لیے انہوں نے ماتو شری کے باہر احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔ مہایوتی کے کارکنان بھی اس معاملے پر ادھو ٹھاکرے سے جواب طلب کر رہے تھے۔