نئی دہلی: کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی نے الکا لامبا کو دہلی کی وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے امیدوار آتشی کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔ کانگریس نے کالکاجی سیٹ سے الکا لامبا کو ٹکٹ دیا ہے۔دراصل، سال 2025 کے پہلے ہی دن الکا لامبا نے کالکاجی مندر کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی کہ نیشنل مہیلا کانگریس کی صدر کالکا جی سے الیکشن لڑ سکتی ہیں۔ بالکل ایسا ہی ہوا۔ کانگریس نے کالکاجی اسمبلی سیٹ سے دہلی کے وزیر اعلی اور موجودہ ایم ایل اے آتشی کے خلاف الکا لامبا کو ٹکٹ دیا ہے۔
کالکاجی سیٹ پر الکا لامبا کو ٹکٹ دیئے جانے کے بعد یہاں انتخاب کافی دلچسپ ہونے والا ہے۔ کیونکہ، بی جے پی بھی چاہتی ہے کہ جنوبی دہلی کے سابق ایم پی رمیش بدھوری کالکاجی سیٹ سے الیکشن لڑیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو تینوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے اور دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی کے لیے سیاسی لڑائی بہت مشکل ہو جائے گی۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس نے اب تک 48 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے عام آدمی پارٹی کے مضبوط چہروں کے خلاف بڑے چہروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سابق ایم پی سندیپ ںدیکشت کو نئی دہلی اسمبلی سیٹ پر سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کے خلاف ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فرہاد سوری کو سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے خلاف جنگ پورہ سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
الکا لامبا 2015 سے 2020 کے درمیان چاندنی چوک اسمبلی سے ایم ایل اے تھیں، لیکن اس بار کانگریس نے اس سیٹ پر سابق ایم پی جے پی اگروال کے بیٹے مدیت اگروال کو ٹکٹ دیا ہے۔ الکا لامبا نے 2020 کا الیکشن چاندنی چوک اسمبلی سے کانگریس کے ٹکٹ پر لڑا تھا لیکن وہ تیسرے نمبر پر رہیں۔