حصار: ہریانہ کے ضلع حصار میں واقع گاؤں لیلس میں حال ہی میں ایک عمر رسیدہ خاتون کی 100ویں سالگرہ منائی گئی۔ منوہری دیوی نام کی یہ بزرگ خاتون اپنی زندگی کی 100 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔ اس خوشی میں گھر کے تمام افراد اکٹھے ہوئے اور دادی کی سالگرہ بڑی دھوم دھام سے منائی۔ منوہری دیوی اپنے گاؤں کی سب سے زیادہ عمر رسیدہ خاتون ہیں۔
پانچ نسلوں نے سالگرہ منائی
اس موقعے پر منوہری دیوی کی پانچ نسلیں ایک جگہ جمع ہوئیں اور سب نے دھوم دھام سے ان کی سالگرہ منائی۔ دادی منوہری دیوی نے اپنی سالگرہ کا کیک اپنے ہاتھوں سے کاٹا۔ اس موقعے پر دادی نے سب کو خاندان میں مل جل کر رہنے کا مشورہ دیا۔
خاندان میں 73 ممبر
سو سال کی منوہری دیوی کی 12 اولادیں ہیں جن میں چھ بیٹے اور چھ بیٹیاں ہیں۔ فی الوقت ان کی پانچویں نسل چل رہی ہے اور خاندان میں کل 73 افراد ہیں۔ منوہری دیوی کے شوہر بدھ رام کھچڑ ہندوستانی فوج میں تھے۔ ان کے چھ بیٹے ہیں جن کے نام منپھول کھچڑ، رام سوروپ، اوم پرکاش، رام کمار، سنت لال، ستبیر ہیں جب کہ چھ بیٹیاں ہیں جن کے نام سرسوتی، میناوتی، بیمرا دیوی، شاردا دیوی، جیٹل اور سکھی دیوی ہیں۔ خاندان میں 19 پوتے پوتیاں اور 21 نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
منوہری دیوی آج بھی سوئی میں دھاگہ ڈال دیتی ہیں
منوہری دیوی کے پوتے موہن وشنوئی نے بتایا کہ دادی صرف کھیر، حلوہ، دال روٹی، باجرہ اور گیہوں کی روٹی کھاتی ہیں۔ ان کی زندگی ہمیشہ سادہ رہی۔ انہوں نے آج تک فاسٹ فوڈ نہیں کھایا۔ وہ ہمیشہ بازاری کھانے سے دور رہیں۔ ان کی عمر کا ان کی زندگی پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ وہ آج بھی اسی طرح چلتی پھرتی ہیں جیسے جوانی میں چلتی تھیں۔ ان کی آنکھیں آج بھی اتنی صحت مند ہیں کہ وہ سو سال کی عمر میں بھی سوئی میں دھاگہ ڈال لیتی ہیں۔ ان کے دانت آج بھی صحیح سلامت ہیں۔ انہیں ابھی کسی قسم کی بیماری نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: اسپین کی ماریہ برانیاس موریرا دنیا کی معمر ترین خاتون
کشمیر کی معمر تین خاتون سرپنچ: 'عمر پیری خدمت خلق میں حائل نہیں‘