تہران: ایران میں آج قبل از وقت صدارتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ کیونکہ صدر ابراہیم رئیسی گزشتہ ماہ ایک طیارے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس عہدے کے لیے کل چھ امیدوار میدان میں تھے لیکن ووٹنگ سے قبل دو امیدواروں، امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور تہران کے میئر علی رضا زکانی، نے اپنے نام واپس لے لیے جس کے بعد اب صرف چار امیدوار، سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان اور مصطفیٰ پور محمدی میدان میں ہے۔ صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 2 روز میں کیا جائے گا۔
ایران میں صدارتی انتخابات ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کی جنگ پر مشرق وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر کشیدگی برقرار ہے۔ اپریل میں ایران نے غزہ کی جنگ کو لے کر اسرائیل پر پہلا براہ راست حملہ بھی کیا تھا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی ووٹ کاسٹ کیا اور ایرانی عوام سے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے مسعود پزیشکیان اور ان کے حامیوں کو امریکہ پر اعتماد کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔ایران کے صدارتی انتخاب میں کوئی خاتون امیدوار نہیں ہے۔ کیونکہ اسلامی جمہوریہ ایران میں خواتین کو صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہے۔