رائے بریلی: رائے بریلی میں کانگریس امیدوار کی حمایت میں آئی ٹی آئی میدان میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، پرینکا گاندھی، راہل گاندھی اور سونیا گاندھی نے لوگوں سے خطاب کیا۔ جب راہل گاندھی اسٹیج پر خطاب کر رہے تھے اسی دوران ان کی والدہ سونیا گاندھی جلسہ گاہ میں پہنچی۔ جہاں پرینکا گاندھی اپنی ماں کا ہاتھ پکڑ کر اسٹیج تک لائیں۔ جبکہ راہل گاندھی نے اپنی تقریر درمیان میں چھوڑ کر اپنی ماں کو گلے لگا لیا۔
سونیا گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے خوشی ہے کہ آج طویل عرصے کے بعد مجھے آپ کے درمیان آنے کا موقع ملا ہے۔ میں دل سے آپ سبھی کا مشکور ہوں۔ میرا سر آپ کے سامنے عقیدت سے جھکا ہے۔ آپ نے مجھے 20 سال تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے کا موقع دیا ہے۔ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رائے بریلی میرا خاندان ہے، اسی طرح امیٹھی بھی میرا گھر ہے۔ اس جگہ سے نہ صرف میری زندگی کی پیاری یادیں جڑی ہوئی ہیں بلکہ ہمارے خاندان کی جڑیں اس مٹی سے پچھلے 100 سالوں سے جڑی ہوئی ہیں۔ یہ رشتہ، ماں گنگا کی طرح مقدس، اودھ اور رائے بریلی کے کسانوں کی تحریک سے شروع ہوا اور آج تک جاری ہے۔ اس بار انتخابات میں، میں اپنا بیٹا آپ کے حوالے کر رہی ہوں۔
سونیا گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرا جی کے دل میں رائے بریلی کے لیے ایک خاص جگہ تھی۔ میں نے انہیں قریب سے کام کرتے دیکھا ہے۔ انہیں آپ سے بے پناہ محبت تھی۔ میں نے راہل اور پرینکا کو وہی تعلیم دی ہے جو اندرا جی اور رائے بریلی کے لوگوں نے مجھے دی تھی۔ سب کی عزت کرو، کمزوروں کی حفاظت کرو۔ ناانصافی کے خلاف عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جو بھی لڑنا پڑے لڑو۔
مزید کہا کہ گھبرائیں نہیں کیونکہ آپ کی جدوجہد کی جڑیں اور روایات بہت مضبوط ہیں۔ میری گود زندگی بھر آپ کی رحمتوں اور محبتوں سے بھری رہی۔ آپ کی محبت نے مجھے کبھی تنہا محسوس نہیں ہونے دیا۔ میرے پاس جو کچھ ہے وہ آپ نے مجھے دیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ایک طویل عرصے کے بعد مجھے آپ کے ساتھ رہنے کا موقع ملا ہے۔ میں دل سے آپ کا مشکور ہوں۔ میرا سر آپ کے سامنے عقیدت سے جھک گیا ہے۔