چنڈی گڑھ: سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کانسٹیبل کلوندر کور کی ملازمت بحال کردی گئی اور انہیں بنگلورو منتقل کر دیا گیا ہے۔ کلوندر کور نے گزشتہ ماہ اداکار سے سیاست دان بنی اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ہوائی اڈے پر مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا۔ اس واقعے کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انہیں دوبارہ بحال کر کے بنگلورو میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
تازہ طور پر سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے بدھ کو وضاحتی بیان جاری کرکے کہا کہ کانسٹیبل کلوندر کور، جس نے بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کو گزشتہ ماہ چندی گڑھ ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا، اب بھی معطل ہے اور اس کے خلاف محکمانہ انکوائری جاری ہے۔
کور کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 323 (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا) اور 341 (غلط طریقے سے روکنا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سی آئی ایس ایف کانسٹیبل کو ابتدائی طور پر حراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں کور کو معطل کر دیا گیا تھا جب کنگنا نے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر سی آئی ایس ایف حکام کو بتایا کہ اسے چندی گڑھ ہوائی اڈے پر ایک خاتون کانسٹیبل نے تھپڑ مارا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی، اس سے پہلے کہ وہ دہلی کے لیے پرواز میں سوار ہوئی۔