گیا: ضلع گیا کے بودھ گیا میں آج محکمہ توانائی کے ذریعے پری پیڈ میٹر لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، پری پیڈ میٹر لگانے کے کام کا باضابطہ افتتاح سنجیو ہنس پرنسپل سیکرٹری محکمہ توانائی اور محکمہ کے دیگر افسران کے ہاتھوں ہوا ، اس سے قبل بودھ گیا میں واقع 80 فٹ مندر پاور گریڈ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں افسران نے پری پیڈ میٹر کی اہمیت اور اسکی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے ساتھ ہی عوامی سطح کے تاثرات اور افواہوں کا بھی تذکرہ کیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ ہر گھر چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کے تعلق سے وزیر اعلی نتیش کمار کے خوابوں کی تکمیل ہوگی اور پری پیڈ میٹر اس میں ایک بڑا مددگار پہلو ثابت ہوگا کہ ہر گھر میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی ہوگی۔ اس موقع پر سنجیو ہنس نےمزید کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں 26 لاکھ اسمارٹ میٹروں کے لگانے کے معاملے میں پورے ملک میں مسلسل ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ آج سے جنوبی بہار کے گیا ضلع میں اسمارٹ میٹروں کی تنصیب شروع ہو گئی ہے۔
گیا ضلع میں ریچارج والے بجلی میٹر کنیکشن لگانے کا آغاز
بودھ گیا سے اسمارٹ پری پیڈ میٹر لگانے کی شروعات کی گئی ہے ، 6 لاکھ 5 ہزار 104پری میٹر لگائے جائیں گے جبکہ ریاست میں اب تک 26 لاکھ پری پیڈ میٹر لگائے جاچکے ہیں ، آج محکمہ تونائی کے پرنسپل سکریٹری سنجیو ہنس نے میٹر لگانے کے پروگرام کا افتتاح کیا۔
Published : Jan 31, 2024, 4:45 PM IST
انہوں نے کہا کہ بہار ملک کی پہلی ریاست ہوگی جہاں دیہی اور شہری دونوں طرح کے صارفین کے احاطے میں اسمارٹ میٹر لگائے جائیں گے۔ ہنس نے گیا ڈویژن اور انٹیلی اسمارٹ کمپنی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صارفین کے مفاد اور سہولت کو دھیان میں رکھیں ، صارفین کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ صارفین کے شک و شبہات اور افواہوں کو دور کرنے کے بعد ہی اُنہوں نے صارفین کے احاطے میں میٹر لگانے کی بات کہی۔ اُنہوں نے میٹر سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ وہیں اس موقع پر IntelliSmart ایجنسی کی تعریف کرتے ہوئے سنجیو ہنس نے کہا کہ ایجنسی نے کم وقت میں میٹر کی تنصیب کا کام بہتر ڈھنگ سے شروع کر دیا ہے۔ وہیں اس موقع پر ایس بی پی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر مہندر کمار نے کہا کہ آج علم کی سرزمین بودھ گیا میں اسمارٹ پری پیڈ میٹروں کی تنصیب شروع کی جارہی ہے۔ میٹروں کی تنصیب یقینی طور پر صارفین کو سہولت فراہم کرے گی۔ اس سے ایک طرف بجلی کی بچت میں مدد ملے گی تو دوسری طرف بل ادا کرنے کے لیے آپ کو بجلی کے دفتر نہیں جانا پڑے گا۔
اس موقع پر روایتی اور اسمارٹ میٹرز کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کے شرکاء کو ورکنگ سسٹم کے ذریعے بتایا جا رہا تھا کہ اسمارٹ میٹر میں بجلی کا بل زیادہ نہیں آتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک سہولت ایپ کاؤنٹر بھی نصب کیا گیا جہاں ایپ کے بارے میں معلومات دی جا رہی تھیں۔