غزہ: حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے کہا کہ اس کے ارکان نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقوں میں کارروائیاں کرکے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ القسام بریگیڈز نے بتایا کہ ان کے ارکان نے 3 مرکاوا ٹینکوں کو "ال یاسین 105" گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔ جیسے ہی اسرائیلی ریسکیو فورسز اس جگہ کی طرف بڑھیں اور پہلے سے تیار شدہ بارودی سرنگ کے جال میں پہنچیں تو انہیں 3 دھماکوں سے نشانہ بنایا گیا۔
العربیہ کے مطابق القسام نے کہا کارروائی کرنے والے اس کے ارکان نے 6 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ حملہ خان یونس کے علاقے مشرقی الزنہ میں کیا گیا۔ بریگیڈز نے مزید کہا کہ ان کے ارکان نے تصدیق کی ہے کہ واپسی پر انہوں نے ایک اور مرکاوا ٹینک کو "ال یاسین 105" گولوں سے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فٹ فورس کے ارکان کو بھی ایک اینٹی پرسنل ڈیوائس سے نشانہ بنایا۔ یہ فوجی امل کالونی میں اپنے ہلاک ارکان اور زخمیوں کو لینے پہنچے تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر سے اتر کر قریب پہنچے تو ان پر حملہ کردیا گیا۔ القسام بریگیڈز نے یہ بھی کہا کہ اس کے ارکان نے امل کالونی میں ایک "ٹنڈوم" میزائل کے ذریعے صفر کے فاصلے سے 5 فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔ اس دوران ایک فوجی گاڑی کو بھی تباہ کیا گیا۔
وہیں دوسری جانب لبنانی حزب اللہ گروپ نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ اس نے سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو ایک ایسے وقت میں نشانہ بنایا جب اسرائیلی فوج نے سائرن بجانے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان میں عیتا الشعب پر اسرائیلی فوج نے بھی حملہ کیا ہے۔ العربیہ کے مطابق حزب اللہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ہفتہ کی سہ پہر اس کے ارکان نے شتولا بیرک کے آس پاس اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو میزائل ہتھیاروں سے براہ راست نشانہ بنایا۔