متھرا: مندروں کے شہر ورنداون کے شری کرشنا بلرام اسکون مندر کا ملازم کروڑوں روپے کا چندہ لے کر فرار ہوگیا۔ وہ رسید بک بھی ساتھ لے گیا۔ اس معاملے میں مندر کے چیف فنانشل آفیسر کی شکایت پر ملزم ملازم کے خلاف ورنداون تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ملزم کا نام مرلی دھر داس ہے۔ جو مندر کے ممبر شپ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتا تھا۔ وہ مدھیہ پردیش کا رہنے والا ہے۔ فی الحال وہ جینت تھانہ علاقے کے چھٹیکرہ کے پاس رہتا ہے۔ ملازم پر رسید بک اور چندہ کی مد میں ملنے والے کروڑوں روپے کا غبن کرنے کا الزام ہے۔
جب مندر انتظامیہ نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انھیں دھمکیاں دی گئیں۔ مندر کے چیف فائنانس آفیسر وشواناتھ داس نے 27 دسمبر کو پولیس کو ایک شکایتی خط دے کر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعرات کی رات دیر گئے ورنداون پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس واقعہ سے پہلے بھی ایک اور ملازم چندہ کی رسید بک لے کر فرار ہو گیا تھا۔
ایس پی سٹی ڈاکٹر اروند کمار نے بتایا کہ مندر میں ممبر شپ کا شعبہ ہے۔ اس میں عقیدت مند ممبر بنتے ہیں اور اپنی رقم عطیہ کرتے ہیں۔ مرلی دھر داس اسی محکمے میں کام کرتا ہے۔ اسے ممبر شپ کی 32 رسیدیں موصول ہوئی تھیں۔ اس نے یہ رسیدیں واپس نہیں کیں۔ ان سے جو بھی رقم وصول ہوئی، اس کا حساب بھی نہیں دیا۔ ورنداون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ تفتیش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: