اننت ناگ : اچھہ بل کے تاریخی چشمہ کا پانی بحال، چشمہ اپنی اصلی شکل میں لوٹ رہا ہے۔ مغل گارڈن اچھہ بل میں موجود چشمہ کا پانی بحال ہونے لگا ہے، جس سے متصلہ علاقہ کے لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چند روز قبل اچھہ بل چشمہ تاریخ میں پہلی بار مکمل طور خشک ہو گیا تھا ،جس سے نہ صرف مغل باغ کی رونق خراب ہوگئی تھی ،بلکہ اس پر منحصر درجنوں دیہات پینے کے پانی سے محروم ہو گئے تھے وہیں اس سے کئی ٹراوٹ مچھلیوں کے فارم بھی متاثر ہوئے تھے۔
چشمہ خشک ہو جانے کے بعد اچھہ کی آبادی کافی پریشان تھی ،پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکمے ٹینکرس کے ذریعہ لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کر رہے تھے لیکن سپلائی ناکافی ہونے کی وجہ سے مقامی نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر مختلف دیہات میں پینے کا پانی فراہم کرنے کی پہل شروع کی تھی۔
ماہرین نے طویل خشک سالی چشمہ خشک ہونے کا سبب بتا رہے تھے ،ان کا کہنا تھا کہ کم مقدار میں بارش اور برفباری کے سبب زمین میں نمی کم ہوگئی ہے وہیں درجہ حرارت میں اضافہ اور گلیشیئرز پگل جانے کے سبب ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح کافی کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے آبای وسائل ری چارج نہیں ہوئے۔
ایک مقامی سماجی کارکن شبیر احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بارشیں ہونے کے بعد اچھہ بل چشمہ کا پانی بحال ہونے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ کا پانی تقریبا 30 فیصد تک بحال ہو گیا ہے ،جس سے عوام خاص کر ان علاقوں میں جو اس کے پانی پر منحصر ہیں ان میں خوشی پائی جا رہی ہے ،اور امید کی جارہی ہے کہ آہستہ آہستہ چشمہ کا پورا پانی بحال ہو جائے گا۔