وینتیان/ اوٹاوا:وزیر اعظم نریندر مودی نے آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر لاؤس میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے، جب ٹروڈو نے کینیڈا میں رہنے والے ایک خالصتانی علیحدگی پسند کی ہلاکت میں ہندوستان کے ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔
کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (سی بی سی نیوز) کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ دونوں کے درمیان مختصر بات چیت ہوئی۔ یہ ملاقات لاؤس کے دارالحکومت وینٹیان میں ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایشین نیشنز (آسیان) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ سی بی سی نیوز نے ٹروڈو کے حوالے سے کہا کہ "میں نے اس بات پر زور دیا کہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ہمیں کرنے کی ضرورت ہے۔"
وینٹیان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹروڈو نے کہا کہ وہ اس بارے میں تفصیل میں نہیں جانا چاہتے کہ ہم نے کیا بات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ کینیڈا کے عوام کی حفاظت اور قانون کی حکمرانی کسی بھی کینیڈین حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور میں اس پر توجہ مرکوز رکھوں گا۔