خلیفہ اول، یارِ غار حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا عرس مبارک بدھ کو وادی کشمیر بھر میں نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ حضرت ابوبکرؓ کے عرس کے موقع پر حسب سابق وادی میں سب سے بڑی تقریب سرینگر کے درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی۔ وہیں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں حضرت بل درگاہ کھرم اور کعبہ مرگ میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں وادی کے مختلف علاقوں سے عقیدت مندوں نے شرکت کی اور خصوصی دعائیں کی۔
حضرت ابوبکر صدیق (رض) کے عرس مبارک کے موقع پر وادی کی درگاہوں، خانقاہوں، مساجد و بقعہ جات میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔ اس موقع پر مقدس تبرکات کی بھی نشاندہی کی گئی۔ کعبہ مرگ، درگاہ حضرت بل کھرم، پنجورہ شوپیاں اور دیگر مساجد و درگاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے کوثر بل ترال میں بھی خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق(رض) کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔۔ عرس پاک کے دوران رات بھر زیارت گاہ پر ختمات المعظمات کی محافل کا انعقاد کیا گیا، اس دوران علمائے کرام نے خلیفہ اول کی سوانح بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’ابوبکر صدیقؓ نے مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور آپؓ کی دعوت پر حضرت عثمانؓ، حضرت ابوعبیدہؓ، حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ جیسے جلیل القدر صحابہؓ حلقہ بگوش اسلام ہوئے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ریزرویشن پالیسی کے خلاف احتجاج: میر واعظ عمر فاروق سری نگر مظاہرے میں شامل ہوں گے؟ - RESERVATION POLICY PROTEST JK
علماء کرام نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں سے عظیم صحابی کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔ کھرم درگاہ میں مختلف علاقوں سے وارد ہونے والے زائرین جن میں مرد، خواتیں، بزرگ و بچے بھی شامل تھے نے اس موقع پر خصوصی دعائیں کی اور نماز ظہر اور مغرب کے بعد تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔