شکاگو: سابق صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے امریکا کے شہر شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن (DNC) سے خطاب کیا۔ اس موقعے پر مشیل اوباما نے ڈونالڈ ٹرمپ کو نشانہ بناتے ہوئے کملا ہیرس کی بھرپور حمایت کی۔ مشیل اوباما نے کہا کہ امریکی ہونے کا کیا مطلب ہے اس پر کسی کی اجارہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس اب تک کی سب سے پڑھی لکھی صدارتی امیدوار ہیں۔
صدر جو بائیڈن نے بھی ڈی اے سی سے خطاب کیا۔ اس دوران کنونشن میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ بائیڈن نے کہا کہ امریکہ میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچایا جائے۔ بائیڈن نے کہا کہ جمہوریت نے ہمیں یہ سب کچھ دیا ہے اور ہمیں اسے بچانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پارٹی کے حامیوں سے پوچھا کہ کیا آپ آزادی کے حق میں ووٹ دینے کے لیے تیار ہیں؟ بائیڈن نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ انتخابات میں خواتین کی طاقت کو جان لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈونالڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ ہمارا ملک ناکام ہو رہا ہے، ہم ہار رہے ہیں، سچ یہ ہے کہ وہ خود ہارے ہوئے ہیں۔ بائیڈن نے کملا ہیرس کی تعریف کی اور انہیں مستقبل کی لیڈر قرار دیا۔