غزہ:فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کا ٹیلی گرام پر ایک بیان سامنے آیا ہے۔ اس بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ، غزہ میں 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کی مکمل ذمہ داری اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے سر ہے۔
سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں ابوعبیدہ نے کہا کہ نصیرات واقعے کے بعد اسرائیلی یرغمالیوں کی حفاظت پر معمور جنگجؤوں کو ہدایات جاری کردی تھیں کہ اسرائیلی فوج ان تک پہنچ جائے تو انھیں یرغمالیوں کے ساتھ کیا کرنا ہے۔
ابوعبیدہ نے اسرائیلی وزیراعظم پر جم کر تنقید کی اور کہا کہ نتن یاہو غزہ جنگ بندی معاہدے میں دیوار بن گئے کیونکہ نتن یاہو جنگ چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا، معاہدے کے بجائے فوجی کارروائیوں پر اصرار کا مطلب ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم یرغمالیوں کو کفن میں ان کے اہل خانہ تک پہنچانا چاہتا ہے۔
ٹیلی گرام پر نشر اس بیان کے بعد حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے ایک پوسٹر بھی جاری کیا گیا۔ اس پوسٹر پر تحریر تھا کہ عسکری دباؤ کا مطلب موت اور ناکامی ہے جبکہ معاہدے کا مطلب آزادی اور زندگی ہے۔ پوسٹر میں ایک ہاتھ میں بندوق اور یرغمالی کا خاکہ بنا ہوا تھا۔