لکھنؤ: ذات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ سماجی انصافی کا وعدہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے بدھ کو لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔ پارٹی نے کسانوں کے لئے ایم ایس پی کی گارنٹی کے ساتھ پرانی پنشن اسکیم کے دوبارہ نفاذ کے وعدے کے ساتھ ساتھ حق 'آٹا و ڈاٹا' کا بھی وعدہ کیا ہے۔
جنتا کا مانگ پتر۔ ہمارا ادھیکار'کے عنوان والے انتخای منشور کو ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے پارٹی ہیڈکوارٹر لکھنؤ پر جاری کیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا' اکھلیش نے کہا کہ پارٹی نے انتخابی منشور میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ تنظیموں کی تجاویز کو بھی شامل کیا ہے۔ ہم نے عوام و تنظیموں سےمختلف ذرائع بشمول سوشل میڈیا سے زیادہ سے زیادہ تجاویز حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور ہم نے اسے اپنے انتخابی منشور میں سمویا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور آئین کو بچانے کے حق، جمہوریت کو بچانے کے حق، جمہوری اداروں کی آزادی اور خود مختاری کے حق اور انصاف اور مساوات کے حق سے متعلق ہے۔سماجی انصاف کا حق ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم ہے۔سماجی انصاف کے بغیر شمولیتی ترقی ممکن نہیں ہے اور جس کے لئے ذات پر مبنی مردم شماری کافی اہم ہے۔
سابق وزیراعلی نے کہا کہ پارٹی 2025 تک ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی جس کی بنیاد پر وہ 2029 تک انصاف اور سبھی کی شراکت کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سال 2025 تک ایس سی/ایس ٹی اور پی بی سی کی تمام خالی اسامیوں کو بھر دے گی اور نجی شعبے میں معاشرے کے تمام طبقات کی شراکت کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا خیال ہے کہ ایم ایس پی کا حساب سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کے فارمولے کی بنیاد پر کیا جانا چاہئے۔ "ہم ایم ایس پی کی ادائیگی اور لیگل گارنٹی کو یقینی بنائیں گے۔ملک میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو اہے اور موجودہ اعداد و شمار کے مطابق یہ 80فیصدی ہے۔حکومت ریزرویشن نہیں دینا چاہتی ہے۔وہ روزگار نہیں دینا چاہتی ہے اسی لئے متعدد مسابقاتی امتحانات کے پیپر جان بوجھ کرلیک کئے جاتے ہیں۔