نئی دہلی: مرکزی حکومت نے تشدد سے متاثرہ جریبام کے ساتھ ساتھ منی پور کے چھ پولیس اسٹیشن علاقوں میں آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (افسپا) کو دوبارہ نافذ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وہاں جاری ذات پات کے تشدد کی وجہ سے مسلسل غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
جن پولس تھانوں کے علاقوں میں افسپا کو دوبارہ نافذ کیا گیا ہے ان میں امپھال مغربی ضلع میں سیکمائی اور لامسانگ، امپھال مشرقی ضلع میں لامائی، جیریبام ضلع میں جیریبام، کانگ پوکپی ضلع میں لیماکھونگ اور بشنو پور ضلع میں مویرانگ شامل ہیں۔
سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم
اس سے قبل پیر کے روز منی پور کے جیری بام ضلع میں وردی پوش اور مسلح عسکریت پسندوں نے ایک پولیس اسٹیشن اور اس سے ملحقہ سی آر پی ایف کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید تصادم میں گیارہ مشتبہ جنگجو مارے گئے۔ اس واقعے کے ایک دن بعد مسلح عسکریت پسندوں نے اسی ضلع سے خواتین اور بچوں سمیت چھ شہریوں کو اغوا کر لیا تھا۔