شیوسینا کی حمایت پر کانگریس میں اختلاف - کانگریس
ریاست میں شیوسینا کی حمایت کرنے کے تعلق سے کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں میں اختلافات کی خبریں ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سشیل کمار شندے اور ممبئی کانگریس کے سابق صدر سنجے نروپم نے کھلے عام سینا کی حمایت نہیں کرنے کی بات کہی ہے۔
دہلی میں کانگریس کی میٹنگ ہوئی اور اس کے بعد پارٹی نے 'ویٹ اینڈ واچ' کا موقف اختیار کیا ہے۔
ریاست میں سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے باوجود بی جے پی نے اب تک حکومت سازی کا دعویٰ نہیں کیا ہے۔ شیوسینا ہنوز بی جے پی کی حمایت کے لیے تیار نہیں ہے لہذا اگر شیوسینا حکومت سازی کے لیے پہل کرتی ہے تو کیا اس کی حمایت کی جائے یا نہیں، اس پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کانگریس نے میٹنگ کی۔
سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان، سینیئر رہنما مانک راؤ ٹھاکرے کے ساتھ ساتھ دیگر رہنماؤں نے آج دہلی میں کانگریس کے سکریٹری وینوگوپال کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں شیوسینا کی حمایت کی جائے یا نہیں، اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سشیل کمار شندے نے شیوسینا کی حمایت کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ شیوسینا کی حمایت نہ کی جائے، یہ بات شندے نے کہی۔
اس کے علاوہ ممبئی کانگریس کے سابق صدر سنجے نروپم نے بھی ناراضگی ظاہر کی جس کی وجہ سے کانگریس کے کچھ رہنماؤں میں شیوسینا کی حمایت کے تعلق سے اختلاف نظر آیا لہذا اب پارٹی اعلیٰ کمان اس ضمن میں کیا فیصلہ کرتا ہے، اس پر سب کی نظر ہے۔