اردو

urdu

ETV Bharat / state

مسجد میں جئے شری رام کے نعرے لگانے والوں کے خلاف مقدمہ منسوخ - JAI SHRI RAM SLOGAN

کرناٹک ہائی کورٹ نے مسجد میں جئے شری رام کے نعرے لگانے والے دو نوجوانوں راحت دیتے ہوئے کیس رد کر دیا ہے۔

مسجد میں  جئے شری رام کے نعرے لگانے والوں کے خلاف مقدمہ منسوخ
مسجد میں جئے شری رام کے نعرے لگانے والوں کے خلاف مقدمہ منسوخ (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 16, 2024, 3:08 PM IST

بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے ایک مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے مسجد میں جئے شری رام کے نعرے لگا کر مذہبی جذبات بھڑکانے کے الزام میں دو نوجوانوں کے خلاف درج کیس کو منسوخ کردیا۔ دکشن کرناٹک کے کدبہ تعلقہ کے اتور گاؤں کے مردھالا میں بدریہ جامع مسجد کے احاطے میں گھس کر جئے شری رام کے نعرے لگانے کے الزام میں کدبہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ بیلی نیلے گاؤں کے نوجوان کیرتن کمار اور این ایم۔ سچن کمار نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس ایم ناگاپرسنا کی سربراہی والی سنگل بنچ نے کہا کہ، 'ہم اس منطق کو سمجھنے کے قابل نہیں ہیں کہ جئے شری رام جیسے نعرے لگانے سے مذہبی جذبات بھڑکتے ہیں۔ بنچ نے کہا، 'ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 295 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آئی پی سی کی دفعہ 295 اے کسی بھی ایسے عمل سے متعلق ہے جو جان بوجھ کر یا بدنیتی سے مذہب کے کسی بھی طبقہ یا مذہبی عقیدے کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے لیے ہو۔ تاہم، اگر کوئی جئے شری رام کا نعرہ لگاتا ہے، تو سمجھ نہیں آتا کہ وہ کسی دوسرے طبقے کے مذہبی جذبات کو کیسے بھڑکا سکتا ہے۔

ہائی کورٹ نے کہا، 'شکایت کنندہ نے خود کہا ہے کہ کدبہ علاقے میں ہندو اور مسلمان ہم آہنگی سے رہ رہے ہیں۔ ایسے میں یہ تصور کرنے کی کوئی گنجائش نہیں کہ اس طرح کے واقعے سے علاقے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔

عدالت نے کہا، 'اس کے علاوہ فساد، سماج میں تفرقہ پھیلانے، غیر قانونی طریقہ سے داخل ہونے اور دھمکی دینے کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔ تاہم شکایت اور وکیل کے دلائل اور کیس کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ایسے الزامات کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ ایسی صورت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ جاری رکھنا قانون کی زیادتی ہوگی۔ عدالت نے دونوں نوجوانوں کی درخواست کو درست قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

کیا ہے پورا معاملہ؟

سی ایم حیدر علی نامی ایک شخص نے کدبہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ 24 ستمبر 2023 کو ایک نامعلوم شخص کدبہ تعلقہ کے اتور گاؤں میں واقع بدریہ جامع مسجد کے احاطے میں غیر قانونی طور پر داخل ہوا اور جئے شری رام کے نعرے لگائے۔

اس شکایت کی بنیاد پر دونوں ملزمان کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے اس ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کا اپیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details