بشیرہاٹ:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بشیرہاٹ لوک سبھا حلقہ میں اپنی انتخابی مہم کی تقریر سندیش کھالی کے متاثرین کا ذکر کرتے ہوئے شروع کی۔ انہوں نے سندیش کھالی کی خواتین کے نام کئی پیغام دئیے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ سندیش کھالی میں جو کچھ بھی ہوا اس پر انہیں بے حد دکھ ہے۔ کیونکہ بی جے پی نے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے سندیش کھالی کی خواتین کا استعمال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد ہی سندیش کھالی کے تمام علاقوں کا دورہ کریں گی۔
بشیرہاٹ سب ڈویژن کی سندیش کھالی گزشتہ 5 جنوری سے مختلف وجوہات بنا پر سرخیوں میں ہے۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پہلی بار وہاں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بشیرہاٹ لوک سبھا حلقہ میں انتخابی مہم کے دوران سندیش کھالی کا بھی دورہ کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:سندیش کھالی کو بی جے پی نے نندی گرام اور سینگور بنانے کی ناکام کوشش کی: ممتا بنرجی - Lok Sabha Election 2024
وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر بی جے پی پر سندیش کھالی کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ میرا پیغام ماؤں بہنوں کے لیے ہے۔ جو کچھ ہوا اور جس طرح میری ماں اور بہن کی توہین کی گئی اس پر مجھے بہت افسوس ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسا نہ ہو۔ بی جے پی کا اصلی چہرہ سامنے آگیا۔ انہوں نے اپنی ماؤں بہنوں کی عزت کو سیاست کے لیے استعمال کیا ہے۔