ادے پور: راجسھتان کے ماولی قصبہ میں مدرسہ کے خلاف ہندو تنظیموں کے احتجاج کے بعد ضلع کلکٹر اروند کمار پوسوال کی سفارش پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹو سکریٹری نے مدرسہ کا زمین الاٹمنٹ کو منسوخ کر دیا۔ انہوں نے اپنے احکامات ادے پور ضلع کلکٹر کو بھیجے ہیں۔ یہی نہیں، اس معاملے میں حکومت نے اس ملازم کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں جس نے پہلے الاٹمنٹ کے لیے مبینہ طور پر 'غلط' رپورٹ دی تھی۔
سی پی جوشی کا الزام
دراصل دو دن پہلے پیر کو ادے پور کے ماولی میں سرو ہندو سماج کے بینر تلے ایک مظاہرہ ہوا تھا۔ اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور مدرسہ کے لیے 28 جنوری 2022 کو الاٹ کی گئی زمین کے خلاف احتجاج کیا۔ اس مظاہرے میں علاقائی ایم پی اور بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سی پی جوشی نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سی پی جوشی نے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ کو فائدہ پہنچانے کی نیت سے سابقہ گہلوت حکومت نے مدرسہ کے نام پر زمین الاٹ کی تھی، جس کا کوئی جواز نہیں تھا۔