لکھنؤ: نئے سال کی پہلی صبح اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں دل دہلا دینے والی واردات ہوئی ہے۔ چارباغ ریلوے اسٹیشن کے قریب تھانہ ناکہ کے حلقے میں ہوٹل شرنجیت میں ماں اور چار بیٹیوں کو قتل کردیا گیا۔ قاتل مقتول خاتون کا بیٹا ہے۔ تمام لوگ آگرہ کے رہنے والے تھے اور نئے سال کا جشن منانے کے لیے لکھنؤ آئے تھے۔
آگرہ میں اسلام نگر، ٹہری بگیہ، کبیر پور کا رہنے والا ارشد (24 سال) نے اپنی ماں اسماء اور چار بہنوں عالیہ (9 سال)، الشیہ (19 سال)، اقصیٰ (16 سال)، رحمین (18 سال) کے ساتھ نیا سال منایا۔ یہ پورا خاندان 2025 کے استقبال کے لیے لکھنؤ آیا تھا۔ یہاں سب نے چارباغ ریلوے اسٹیشن کے قریب ناکہ تھانہ حلقے میں شرنجیت ہوٹل میں کمرہ لے رکھا تھا۔
رات میں نئے سال کا جشن منا کر واپس لوٹنے کے بعد ارشد نے اپنی ماں اور چار بہنوں کو قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام اور مقامی پولیس فوراً جائے وقوع پر پہنچے اور قانونی کارروائی شروع کی۔ فیلڈ یونٹس کو بلا کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بیوی سمیت چار افراد کو زندہ جلانے والے مجرم کو حیدرآباد کی عدالت نے سنائی سزائے موت
پولیس نے ملزم ارشد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس ارشد سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ قتل خاندانی جھگڑے کی وجہ سے ہوا ہے۔
ڈی سی پی سنٹرل روینہ تیاگی نے بتایا کہ یکم جنوری کو تھانہ ناکہ علاقہ سے اطلاع ملی تھی کہ ہوٹل شرنجیت میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کا قتل کر دیا گیا ہے۔ فوری طور پر مقامی پولیس موقعے پر پہنچی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ خاندانی جھگڑے کی وجہ سے اس نے اپنی ماں اور چار بہنوں کو قتل کیا۔
مزید پڑھیں: چار سالہ معصوم کا ریپ کے بعد قتل، عدالت نے سوتیلے باپ کو سنائی سزائے موت