نئی دہلی: سنبھل معاملہ پر کل پارلیمنٹ میں بحث ہوئی جبکہ آج لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سنبھل کا دورہ کریں گے۔ اتر پردیش کانگریس کے سربراہ اجے رائے نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈروں نے کہا کہ راہل گاندھی کو مبینہ طور پر پولیس فائرنگ میں ہلاک نوجوانوں کے اہل خانہ سے ملنے اور امن کی اپیل کرنے کا آئینی حق حاصل ہے۔
راہل کے سنبھل کے دورے پر، یوپی کانگریس کے سربراہ اجے رائے نے ای ٹی وی بھارت کو بتایاکہ "رائے بریلی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 4 دسمبر کو سنبھل کا دورہ کر کے تشدد متاثرین سے ملاقات کریں گے، انھوں نے کہا کہ، وہاں جانے کےلئے وہ (راہل گاندھی) آئینی حق رکھتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ یوپی پولیس کو سنبھل میں کیا چھپانا ہے۔۔۔ وہ وہاں کسی کو جانے کی اجازت کیوں نہیں دے رہی ہے؟ اجے رائے نے کہا کہ پہلے ہمارے لیڈروں کو ہاتھرس، اناؤ اور لکھیم پور میں متاثرین سے ملنے سے روک دیا گیا تھا۔ ان تمام معاملات میں اپوزیشن کے الزامات درست نکلے۔ اپوزیشن لیڈر نے متاثرین کو یقین دلانے اور امن کی اپیل کرنے کے لیے تشدد سے متاثرہ ریاست منی پور کا بھی دورہ کیا۔ اس میں غلط کیا ہے؟