نئی دہلی: نیشنل یونین آف جرنلسٹس (انڈیا) اور دہلی جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ڈی جے اے) نے مغربی بنگال کے سندیش کھالی میں ریپبلک بنگلہ چینل کے نمائندے سنتو پان کی گرفتاری کے خلاف جنتر منتر سے بنگ بھون تک احتجاجی مارچ نکالا۔ صحافی تنظیموں نے سنتو پان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دہلی میں امتناعی حکم (دفعہ 144) کے باوجود صحافیوں نے احتجاجی مارچ نکالا۔
این یو جے آئی کے صدر راس بہاری نے کہا کہ مغربی بنگال میں صحافت کرنا ’ممتا راج‘ کے تحت جرم بن گیا ہے۔ ترنمول کانگریس حکومت کے وزراء اور لیڈروں کے سیاہ کارناموں کو بے نقاب کرنے پر میڈیا کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ریپبلک بنگلہ ٹی وی کے نمائندے کو سندیش کھالی کی زمینی سچائی کو بے نقاب کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ صحافی کو تین دن کے لیے پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی کو رہا نہ کیا گیا تو بڑے پیمانے پر ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ این یو جے آئی کی ایک ٹیم مغربی بنگال جائے گی اور میڈیا کی صورتحال پر رپورٹ تیار کرے گی۔