اردو

urdu

By ETV Bharat Urdu Team

Published : 5 hours ago

ETV Bharat / state

جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے رہائشی ہاسٹل کا افتتاح کیا - madrasa backbone of education

جھارکھنڈ کے دیہی ترقیات کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے ریاست کے ضلع گڈا میں ایک رہائشی ہاسٹل کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے مدارس کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جو لوگ مدارس کے بارے میں نہیں جانتے ہیں وہ مدارس پر سوال اٹھاتے ہیں۔ مدارس کے علماء نے جنگ آزادی میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور مدارس کے بچے اب آئی اے ایس، پی سی ایس، ڈاکٹر اور انجینئر بھی بن رہے ہیں۔

جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیرنے رہائشی ہاسٹل کا افتتاح کیا
جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیرنے رہائشی ہاسٹل کا افتتاح کیا (Etv Bharat)

گڈا (جھارکھنڈ ): ریاست جھارکھنڈ کے دیہی ترقیات کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے مدارس کے کردار پر سوال اٹھانے والوں پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس سماج کے دبے کچلے طبقے کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے اور ملک و قوم کی تعمیر میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔

جھارکھنڈ کے دیہی ترقی کے وزیرنے رہائشی ہاسٹل کا افتتاح کیا (ETV Bharat)

ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گڈا میں واقعے رہائشی ہاسٹل کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ مدارس کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کو مدارس کی تاریخ اچھی طرح پڑھ لینی چاہیے۔ انہوں نے باور کرایا کہ مدارس کے علماء نے جنگ آزادی میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور مدارس کے بچے اب آئی اے ایس، پی سی ایس، ڈاکٹر اور انجینئر بھی بن رہے ہیں۔

مدرسہ پہنچنے پر وہاں کے طلباء اور اساتذہ کرام نے عرفان انصاری کا والہانہ استقبال کیا۔ ساتھ ہی اس موقع پر مدینہ منورہ سے تشریف لائے مہمان شیخ ہارون ملک عبد الحق کے ہاتھوں مسجد الرحمہ کا بھی افتتاح عمل میں آیا۔ شیخ ہارون ملک عبد الحق نے یہاں ایک شاندار مسجد تعمیر کرائی ہے اور بذات خود وہ مدینہ میں ایک عظیم ادارہ چلاتے ہیں جس میں ہزاروں بچے زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے ہندوستان آمد پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں مزید فلاحی کاموں کو انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔

بعد ازاں نئی تعمیر کردہ مسجد میں مختصر جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈاکٹر عرفان انصاری اور شیخ ہارون ملک عبد الحق، اور بھروچ، گجرات سے تشریف لائے حضرت مولانا مفتی احمد دیولہ نے لوگوں سے خطاب کیا اور تعلیم و تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ وہ گڈا (گوڈا) کے لوگوں کے مشکور ہیں جو مجھے میرے اپنے عزیزوں کی طرح محبت کرتے ہیں۔ آخر میں ڈاکٹر عرفان انصاری کی والدہ مرحومہ کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ ساتھ ہی ڈاکٹر عرفان انصاری نے ماں کے نام پر مدرسہ کو پانچ لاکھ روپئے دینے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر آر جے ڈی کے لیڈر عطاء الرحمان صدیقی، کانگریس اقلیتی سیل کے ضلع صدر اور ضلع پرشاسن رکن ارشد وہاب، کانگریس لیڈر عالمگیر عالم، ماسٹر یاسر عرفات ندوی، مولانا اکرام الحق، مولانا محمد شمیم ندوی، مولانا نسیم ندوی، مولانا مرشد ندوی، جناب سید اقبال حسن عرف رومی وغیرہ موجود تھے۔

(آپ کو بتا دیں کہ ڈاکٹر عرفان انصاری سابق رکن پارلیامینٹ جناب فرقان انصاری کے صاحبزادے ہیں اور موجودہ ہیمنت سرکار میں دیہی ترقیات کے وزیر اور کانگریس کے رکن اسمبلی ہیں)۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details