گیا: بہار سے حج سفر 2024 پر روانہ ہونے والے عازمین حج کو اس بار رخصت کرنے حج بھون میں وزیر اعلی نتیش کمار اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی شرکت نہیں ہوگی۔ حج بھون میں حج پرواز سے ایک دن قبل شام میں ایک بڑا جلسہ ہونے کی روایت رہی ہے۔ اس میں گزشتہ قریب بارہ برسوں سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی شرکت ہوتی رہی ہے۔
تاہم حج بھون اس بار وزیر اعلی نتیش کمار کو مدعو نہیں کرے گا۔ حج بھون پٹنہ نے اس کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اس بار وزیراعلی نتیش کمار سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی شرکت نہیں ہوگی۔ بہار کے حاجیوں کی گیا ہوائی اڈے سے 26 مئی سے پرواز کا سلسلہ شروع ہوگا۔ دراصل وزیر اعلی نتیش کمار اس بار عازمین حج کے پہلے قافلے کو رخصت کرنے نہیں پہنچیں گے انہیں مدعو نہیں کیا جائے گا۔
بہار کے 3840 روانہ ہوںگے:
بہار سے اس بار سفر حج پر کل 3840 افراد حج پر روانہ ہوںگے۔اس میں صرف 1100 عازمین گیا امبار کیشن پوائنٹ سے روانہ ہوںگے۔ 1700 کولکاتا امبار کیشن پوائنٹ سے روانہ ہوںگے جبکہ بقیہ کی پرواز ملک کے دوسرے امبار کیشن پوائنٹ سے ہوگی۔ ابھی تک کے شیڈول کے مطابق 26 مئی سے یکم جون تک پرواز ہوگی۔ گیا سے اس بار بھی اسپائس جیٹ ائیر لائنز کی سروس ہوگی۔
اس بار تعداد گھٹی ہے:
حج پر جانے والوں کی تعداد میں اس بار نمایاں کمی آئی ہے۔ گزشتہ بار کی بنسبت اس بار 1300 سے زیادہ تعداد میں کمی ہوئی ہے۔سال 2023 میں بہار سے 5500 کے قریب لوگوں نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔ اس میں گیا ہوائی اڈے سے 3200 عا زمین حج کی پرواز اور واپسی ہوئی تھی جبکہ 1700 کے قریب بہار کے عازمین حج کی پرواز کولکاتا امبار کیشن پوائنٹ سے ہوئی تھی۔ بقیہ کی پرواز ملک کے دوسرے امبار کیشن پوائنٹ سے ہوئی تھی۔