اردو

urdu

ETV Bharat / state

گیا: گیندا پھول کی کاشت کسانوں کے لیے منافع بخش ہے - Cultivation of Genda flower

گیا ضلع میں منافع بخش گیندا پھول کی کاشت کو بڑھاوا دینے کی خصوصی پہل کی گئی ہے۔ کسانوں کو اس کاشت کے لیے 70 فیصد سبسڈی بھی دی جارہی ہے۔ گیا میں کئی مسلم کاشت کار بھی ہیں جنہوں نے اس کاشت کو اپنا یا ہے اور وہ اس سے موٹی رقم کی آمدنی کررہے ہیں۔ اس حوالہ سے ای ٹی وی بھارت اردو نے ضلع محکمہ باغبانی افسر تبسم پروین سے خصوصی گفتگو کی ہے۔ پیش ہے خاص رپورٹ۔

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 22, 2024, 10:28 PM IST

گیا: گیندا پھول کی کاشت کسانوں کے لیے منافع بخش ہے
گیا: گیندا پھول کی کاشت کسانوں کے لیے منافع بخش ہے (ETV Bharat)

گیا: محکمہ زراعت اور محکمہ باغبانی کی طرف سے چھوٹے کسانوں کو آمدنی بڑھانے کی پہل کی جارہی ہے۔ اس کے لیے روایتی کاشت سے توجہ ہٹا کر کم لاگت میں زیادہ آمدنی والی کاشت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ اس میں ایک کاشت ' گیندا پھول ' کی کاشت بھی ہے۔ محکمہ باغبانی کی جانب سے گیندا پھول کی کاشت کے لئے سبسڈی دی جارہی ہے۔ گیندا پھول کی کاشت کرنے کا طور طریقہ انتہائی آسان ہے۔ اس میں آبپاشی بھی کم کی جاتی ہے۔

گیا: گیندا پھول کی کاشت کسانوں کے لیے منافع بخش ہے (ETV Bharat)

ضلع میں گیندا پھول کی کھپت زیادہ ہے تاہم ضلع میں اسکی پیدوار بیس فیصد ہی ہے۔ جسکی وجہ سے کھپت کو پورا کرنے کے لیے گیندا پھول بنگال اور دوسری ریاستوں سے منگوایا جاتاہے۔ لیکن محکمہ باغبانی نے اس کی کمی کو دور کرنے کے لیے خاص پہل کی ہے اور اس بار ضلع میں گیندا پھول کی پیدوار کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔ اس حوالے ضلع محکمہ باغبانی کی افسر تبسم پروین نے بتایا کہ باغبانی کے لئے ضلع گیا کا ماحول سازگار ہے۔ یہاں صرف کسانوں کی پرانی روایت اور سوچ میں تبدیلی لانی ہے۔ اگر کم لاگت میں موٹی آمدنی کا ذریعہ کاشت میں ممکن ہے تو اس کو آزما نے کی پہل اور کوشش ہونی چاہیے۔کسانوں کو بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے۔
مطالبے سے کم ہے پیدوار
تبسم پروین نے کہا کہ ضلع میں ہر دن 100 کوئنٹل سے زیادہ کی کھپت ہے۔ لیکن یہاں پیدوار 20 فیصد ہے۔ کھپت اسلیے زیادہ ہے کیونکہ یہاں بڑے مذہبی مقامات ہیں جہاں ہردن بڑے پیمانے پر پھول کی کھپت ہے۔ اسکے علاوہ شادی بیاہ اور دوسری تقریب میں کھپت ہے۔ لیکن کھپت پوری نہیں ہورہی ہے۔ اسی کو پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گیا ضلع کے ڈوبھی، بودھ گیا، مان پور بلاک علاقے میں کسان بڑے پیمانے پر اس سے جڑے ہوئے ہیں۔
حکومت 70 فیصد سبسڈی دے گی
اس بار گیا ضلع میں 150 ہیکٹر میں گیندا پھول کی کاشت کی جائے گی۔ اس کے لیے آن لائن درخواست دینے کا عمل جاری ہے۔ وہ کسان جو اس کی کاشت کرنا چاہتے ہیں وہ محکمہ باغبانی کی ویب سائٹ پر جا کر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ تاکہ انہیں سبسڈی کا براہ راست فائدہ ملے۔ اس کی کاشت کے لیے کسانوں کو ستر فیصد سبسڈی یعنی کہ 28000 روپے فی ہیکٹر سبسڈی کے طور پر دی جاتی ہے۔گیندا پھول کی مارکیٹ میں قیمت فی کلو 20 سے 30 روپے فی کلو ہے۔ اس کی کاشت میں پانچ گنا زیادہ منافع ہے۔ اس کی کاشت میں مسلم کسان بھی آگے بڑھے ہیں، ضلع کے آمس اور ڈوبھی کے علاقے میں مسلم کسانوں نے بھی شروعات کی ہے۔

محمدشمشاد نے بتایاکہ اسکی کاشت کرنے میں پانچ گنا زیادہ منافع ہے۔ چھوٹی سی جگہ پر قریب 25 ہزار کی لاگت سے انہوں نے گزشتہ برس کاشت کی تھی جس میں انہیں 80 ہزار کے قریب پھول بیچ کر آمدنی کی تھی۔ اگر جنکے پاس بڑی جگہ ہے اور وہ اس کی کاشت کرتے ہیں تو انکو بڑا منافع ہوسکتا ہے۔ مسلم کاشت کاروں کو اس طرح کی کاشت کے لیے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ اسکی مارکیٹ بھی آسانی سے دستیاب ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details