اردو

urdu

پنجاب کے سابق وزیر اعلی امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور بی جے پی میں شامل

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 14, 2024, 4:05 PM IST

پنجاب کے سابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر پنجاب بی جے پی کے صدر سنیل جاکھڑ کے علاوہ سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔

پنجاب کے سابق وزیر اعلی امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور بی جے پی میں شامل
پنجاب کے سابق وزیر اعلی امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور بی جے پی میں شامل

چنڈی گڑھ: پنجاب کانگریس کو اس وقت جھٹکا لگا جب پٹیالہ سے لوک سبھا کی موجودہ رکن اور سابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور جمعرات کو بی جے پی میں شامل ہو گئیں۔ اس موقع پر پنجاب بی جے پی کے صدر سنیل جاکھڑ کے ساتھ بی جے پی کے سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ بی جے پی کے ونود تاوڑے اور وجے روپانی نے ان کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد پرینیت کور نے کہا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی اہلیہ پرینیت کور، جو چار بار ممبر پارلیمنٹ رہ چکی ہیں، اب باضابطہ طور پر کانگریس کو الوداع کہہ کر بی جے پی میں شامل ہوگئی ہیں۔ اس کے ساتھ یہ بات بھی ہے کہ پرینیت کور پہلی بار پٹیالہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں آکر مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے اور ہائی کمان کی طرف سے جو بھی ذمہ داری مجھے سونپی جائے گی میں اسے پوری لگن کے ساتھ نبھاؤں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو دیکھ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پرینیت کور کی کافی عرصے سے بی جے پی میں شمولیت کی امید تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے ستمبر 2022 میں اپنی پنجاب لوک کانگریس کو بی جے پی میں ضم کردیا۔ اس دوران ان کے دونوں بچے رنندر سنگھ اور جئے اندر کور بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ تب یہ واضح تھا کہ پرینیت کور 24-2019 کی میعاد پوری کرنے کے بعد ہی بی جے پی میں شامل ہوں گی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details