ممبئی:مہاراشٹر میں آج مہایوتی اپنی سرکار بنانے جا رہی ہے۔ آج بی جے پی کے دیویندر فڑنویس تیسری مرتبہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ فڑنویس کے علاوہ این سی پی لیڈر اجیت پوار اور ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ کا حلف لیں گے۔
دیویندر فڑنویس کی حلف برداری کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ تقریباً 2,000 وی وی آئی پیز اور 40,000 حامیوں کی شرکت متوقع ہے۔
حلف برداری تقریب کے چلتے ممبئی میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی کارکن جشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
بدھ (4 دسمبر) کو پہلے بی جے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں فڑنویس کے نام کو حتمی شکل دی گئی۔ اس کے بعد بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں انھیں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر چنا گیا۔