لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربرا و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ہفتہ کو بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بی جےپی پر عوام کو اعتماد نہیں ہے۔ سازشیں اور دھوکہ اور جھوٹ کی سیاست کے سہارے وہ اقتدار پر قابض ہونے کے لئے بے چین ہے۔
یہاں پارٹی دفتر پر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا آڈیٹؤریم میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی بڑی ہے۔ بی جے پی حکومت سال 2014 میں جس طرح سے اقتدار میں آئی تھی اسی طرح سے ہراسانی و رسوائی سے عاجز عوام اب 2024 کے لوک سبھا الیکشن میں اقتدار سے ہٹانے کا کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنے پروپیگنڈے کے ذریعہ لوگوں کی سوچ کو آلودہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ جیسا کہ دانہ ہے، ویسا ہی گانا کا ماحول بن رہاہے۔ تمام اداروں اور ذرائع پر آر ایس ایس کے لوگوں کو بٹھایا جا رہا ہے۔معیشت کی حقیقت پر پردہ ڈالا جا رہا ہے اور جھوٹے اعداد و شمار کی بنیاد پر ترقی یافتہ ہندوستان کی گمرہی پھیلائی جا رہی ہے۔