نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کا جادو گابا میں نظر آیا۔ برسبین کے گابا کرکٹ سٹیڈیم میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انھوں نے اپنی تیز گیند سے پانچ آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ یہ بمراہ کا اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچ وکٹوں کا 12واں اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرا فائیو وکٹ ہال ہے۔
جسپریت بمراہ نے 5 وکٹ ہال حاصل کیا:
جسپریت بمراہ نے اس میچ میں ٹیم انڈیا کو پہلا وکٹ بھی دلایا۔ انہوں نے عثمان خواجہ (21)، نیتھن میکسوینی (9)، اسٹیو اسمتھ (101)، ٹریوس ہیڈ (152) اور مچل مارش (5) کو آؤٹ کیا۔ ان پانچ آسٹریلوی بلے بازوں کی وکٹیں لے کر بمراہ نے گابا میں اپنا فائیو وکٹ ہال حاصل کیں۔ اس کے ساتھ بمراہ نے 3 بڑے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے دن آسٹریلیا نے 13.2 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 28 رنز بنائے اور بارش کے باعث مزید کھیل نہیں ہو سکا۔ دوسرے دن اب تک آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ (152) اور اسٹیو اسمتھ (101) کی شاندار اننگز کی بدولت 95.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 372 رنز بنا لیے ہیں۔