نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ بی جے پی کے سابق ایم پی رمیش بدھوری کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض بیان دینے پر مشکل میں پھنس گئے۔ دہلی کے کالکاجی سے بی جے پی کے امیدوار بنائے گئے رمیش بدھوری نے اتوار کو ایک بڑا تنازعہ کھڑا کر دیا جب انہوں نے کہا کہ اگر وہ آئندہ انتخابات جیت گئے تو وہ اپنے اسمبلی حلقے کی سڑکوں کو کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا کے گالوں کی طرح چمکائیں گے۔
ان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے بی جے پی پر خواتین مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام لگایا، کانگریس لیڈر نے بدھوری کے خلاف قومی کمیشن برائے خواتین میں شکایت درج کرائی ہے۔ ویڈیو میں بدھوری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، 'لالو یادو نے ایک بار دعویٰ کیا تھا کہ وہ بہار کی سڑکوں کو ہیما مالنی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے، لیکن وہ اس وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ تاہم، میں یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح ہم نے اوکھلا اور سنگم وہار کی سڑکوں کو تبدیل کیا ہے، اسی طرح ہم کالکاجی کی ہر سڑک کو پرینکا گاندھی کے گالوں کی طرح چمکائیں گے۔
کانگریس لیڈر سپریا شرینیت نے کہا کہ ''بی جے پی انتہائی خواتین مخالف ہے۔ پرینکا گاندھی کے حوالے سے رمیش بدھوری کا بیان نہ صرف شرمناک ہے بلکہ خواتین کے تئیں ان کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، لیکن ایک ایسے شخص سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے جس نے ایوان میں اپنے ساتھی رکن اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی کی ہو اور اسے کوئی سزا نہ ملی ہو۔ یہ ہے بی جے پی کا اصلی چہرہ۔ کیا بی جے پی کی خواتین لیڈران، ویمن ڈیولپمنٹ منسٹر، نڈا جی یا خود وزیر اعظم اس گھٹیا زبان اور سوچ پر کچھ کہیں گے؟ دراصل مودی جی خود اس بری زبان اور عورتوں کے خلاف سوچ کے باپ ہیں، جو منگل سوتر اور مجرا جیسے الفاظ بولتے ہیں، تو ان کے لوگ اور کیا کہیں گے؟ اس ناقص سوچ کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔"
یہ بھی پڑھیں: انڈین کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر ٹریننگ کے دوران گر کر تباہ، دو پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک - GUJARAT HELICOPTER CRASHES
معاملہ کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے بدھوری نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔