نئی دہلی: دہلی الیکشن کے نتائج کے درمیان اوکھلا سیٹ کے نتائج پر بہت سی نظریں لگی ہوئی تھیں۔ اب یہاں سے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے امیدوار امانت اللہ خان جیت گئے ہیں۔ انہیں 88,943 ووٹ ملے ہیں۔ وہیں بی جے پی کے منیش چودھری 65,304 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ یعنی جیت اور ہار کا فرق 23,639 ووٹوں کا تھا۔ اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم کے امیدوار شفا الرحمان تیسرے اور کانگریس کی اریبہ خان چوتھے نمبر پر ہیں۔
اوکھلا میں اس الیکشن میں ووٹنگ کا فیصد 54.9 فیصد رہا۔ امانت اللہ خان مسلسل دو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں اور اب تیسری بار منتخب ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ دونوں بار انتخابی میدان میں بی جے پی کے برہما سنگھ کو شکست دے چکے ہیں۔ 2020 میں 71,827 ووٹوں سے۔ جبکہ 2015 میں 64,532 ووٹوں سے۔
اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے دہلی انتخابات کی تشہیر میں پوری طاقت جھونک دی تھی۔ انہوں نے انتخابی ریلیاں اور جلسے کئے۔ صرف اسد ہی نہیں بلکہ ان کی پارٹی کے دیگر رہنما بھی اوکھلا میں انتخابی تشہیر کے دوران امانت اللہ خان کو نشانے پر لیتے رہے۔ لیکن اوکھلا کی عوام نے اڑتی پتنگ کو زمین پر لا کر پٹک دیا۔
دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ عام آدمی پارٹی صرف 22 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی ہے۔ وہیں بی جے پی نے 48 سیٹیں جیتی ہیں۔ دارالحکومت میں 5 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کل 60.54 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔