رانچی: مڈل آرڈر بلے باز جو روٹ کی 106 رنوں کی سنچری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک سات وکٹ پر307 رن بنا کر میچ پر مضبوط گرفت بنالی ہے۔
آج انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جیک کرولی اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے سست آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے بھارتی تیز گیند باز آکاش دیپ نے 10ویں اوور میں بین ڈکٹ 11رنز کو جریل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد انہوں نے اولی پوپ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ آکاش نے 12ویں اوور میں جیک کرولی کو 42 رن پر آؤٹ کر کے بھارت کو تیسری کامیابی دلائی۔
آر اشون نے جونی بیرسٹو 38 رنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ وہیں جڈیجہ نے کپتان بین اسٹوکس کو تین رنز پر آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ انگلینڈ نے لنچ تک پانچ وکٹوں پر 112 رنز بنا تھے۔
لنچ تک ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ شاید آج دو سیشن بھی نہیں کھیل پائے گا۔ لیکن جو روٹ نے فوکس، ہارٹلی اور رابنسن کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔
جو روٹ نے 226 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 106 رنز بنائے۔ بین فوکس 47 رنز اور ٹام ہارٹلی 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آج دن کا کھیل ختم ہونے تک جو روٹ 106 ناٹ آؤٹ اور اولی رابنسن 31 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ بھارت کی جانب سے پہلے سیشن میں آکاش دیپ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج کو دو وکٹ ملے۔ آر اشون اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔