لکھنئو: بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اتوار کو اتر پردیش پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان جا سکتی ہے، لیکن اس کے لیے اسے بھارتی حکومت کی رضامندی کی ضرورت ہوگی۔
راجیو شکلا نے مزید کہا کہ پاکستان 2026 ورلڈ کپ کے دوران بھارت آنے کے بارے میں جو چاہے کہہ سکتا ہے، لیکن ہم صرف بھارتی حکومت کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی بھارتی کرکٹ کی ایک آزاد باڈی ہے جو ملک میں کرکٹ کے کھیلوں کو کنٹرول کرتی ہے۔ اس بیان سے یہ صاف ظاہر ہورہا ہے کہ بی سی سی آئی کو پاکستان جانے سے کوئی اعتراض نہیں ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی فروری مارچ 2025 میں پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جائے گی۔ لیکن چند روز قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت پاکستان نہیں جائے گا اور اس ٹورنامنٹ کو ہائبرڈ ماڈل پر کرانے کے لیے آئی سی سی سے مطالبہ کرے گا۔