چامراج نگر: کرناٹک کے چامراج نگر ضلع کے کولیگل میں بدھ کو ایک شخص نے اپنے خاندان کے تین افراد پر چاقو سے حملہ کر دیا، اس حملے میں بہن کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ عیدگاہ محلے میں پیش آیا جس نے پورے خاندان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
والد اور بھابھی زخمی:
پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت فرمان کے نام سے ہوئی ہے۔ فرمان پر الزام ہے کہ اس نے اپنے اہل خانہ پر چاقو سے اندھا دھند حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 سالہ ایمن بانو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ 60 سالہ والد سید اور 25 سالہ بہو تسلیمہ تاج شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کھیرا کھلانے کو لے کر ہوئی بحث:
اس خونریز واقعے کی جڑ ایک معمولی جھگڑا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فرمان اپنی بھانجی کو کھیرا کھلا رہا تھا کہ اس کی بہن ایمن بانو نے مداخلت کی۔ مبینہ طور پر ایمن نے فرمان کو کہا کہ لڑکی کو کھیرا نہ کھلائے کیونکہ اسے بخار تھا۔ اس بات پر جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ فرمان نے غصے میں سب پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
ملزم پولیس کی حراست میں:
پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ جھگڑے کے بعد فرمان نے اپنی بہن ایمن کے گلے پر چاقو سے حملہ کیا۔ بعد میں اس نے اپنے والد سید اور تسلیمہ کو بھی نہیں بخشا۔ حملے کے دوران سید کا ہاتھ بھی ٹوٹ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کولیگل ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فرمان کو فوری طور پر گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: