تل ابیب: اسرائیل نے جمعرات کو کہا کہ اس نے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کو غزہ میں ایک فوجی آپریش میں ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ سنوار 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ ان کی لاش غزہ میں ملبے سے ملی تھی، جہاں رفح میں حملے کے دوران اسرائیلی فورسز نادانستہ طور پر ان کے قریب آگئی تھیں۔ بعد میں ڈی این اے ٹیسٹنگ، دانتوں کے ریکارڈ اور فنگر پرنٹس کے ذریعے سنوار کی شناخت کی تصدیق ہوئی۔
اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق سنوار کی باقیات مبینہ طور پر ایک بلٹ پروف جیکٹ، ایک دستی بم اور 40,000 شیکل کے ساتھ ملی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ فوٹیج میں سنوار کے آخری لمحات دکھائے گئے ہیں، جنہیں علاقے کا سروے کرنے کے لیے تعینات ایک ڈرون نے قید کر لیا تھا۔ فوٹیج میں حماس کے رہنما کو دکھایا گیا ہے، جو بظاہر زخمی تھے، ڈرون پر لکڑی کا ٹکڑا پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ وہ پکڑے نہ جائیں۔ کچھ ہی لمحوں بعد، عمارت پر ایک اور حملے کے نتیجے میں عمارت گر گئی، جس میں سنوار اور دو دیگر عسکریت پسند مارے گئے۔