ساؤ پاؤلو: برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیش آئے ایک خوفناک فضائی حادثے میں طیارے میں سوار تمام 62 افراد کے ہلاک ہو گئے۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کیسے ہوا۔ برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا نے حادثے کی تصدیق کی ہے۔
سی این این نے یہ جانکاری برازیل کے شہری دفاع کے حوالے سے دی۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ گرنے سے کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ سی این این کے مطابق، فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ یہ طیارہ کاسکاویل سے روانہ ہوا تھا اور ساؤ پاؤلو کی طرف جا رہا تھا۔ کچھ دیر بعد مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب اس کا سگنل اچانک بند ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے کے وقت پرواز نمبر 2283 میں 58 مسافر کے علاوہ عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ حادثہ کیسے پیش آیا۔' الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق برازیل کی فضائی کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ 62 افراد کو لے جانے والا طیارہ ساؤ پاؤلو شہر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔