اسلام آباد: پاکستان کے سابق انٹیلی جنس چیف فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پاکستان کے ڈان نیوز نے یہ اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر پاکستانی فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ر) کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں کی گئی شکایات کی حقیقت جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کی گئیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت مناسب تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سابق انٹیلی جنس چیف کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کی گئی ہو۔
کورٹ مارشل کا عمل شروع:
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 'ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جانب سے پاکستان آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی کے کئی کیسز بھی سامنے آئے ہیں، فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید (ریٹائرڈ) کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔' "