نئی دہلی: بھارت نے فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا کو 2.5 ملین امریکی ڈالر کی پہلی قسط جاری کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے بھارت آگے آیا ہے اور اقوام متحدہ کی ایجنسی کو 25 لاکھ امریکی ڈالر کی پہلی قسط جاری کی ہے۔ نمائندے کے دفتر کے مطابق حکومت ہند نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے 2.5 ملین امریکی ڈالر کی پہلی قسط جاری کی ہے۔
بھارت نے پیر کو کہا کہ انروا، 1950 سے رجسٹرڈ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے براہ راست امدادی پروگرام چلا رہی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ، غزہ میں اسرائیل اور حماس جنگ کے درمیان بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ بھارت کے نمائندہ دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ سال 2024-25 کے لیے 5 ملین امریکی ڈالر کا سالانہ تعاون کرے گا۔
فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششوں میں، بھارت نے 2023-24 تک اقوام متحدہ کی ایجنسی کے بنیادی پروگراموں اور خدمات کے لیے 35 ملین امریکی ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے، جس میں تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، ریلیف اور سماجی خدمات شامل ہیں۔
نیویارک میں منعقدہ انروا کی حالیہ کانفرنس کے دوران بھارت نے اعلان کیا تھا کہ مالی امداد کے علاوہ، وہ ایجنسی کی مخصوص درخواستوں کی بنیاد پر انروا کو دوائیں بھی فراہم کرے گا اور لوگوں کو انسانی امداد کی مسلسل فراہمی کے لیے اپنی جانب سے مدد فراہم کرے گا۔ جو فلسطین کو محفوظ طریقے سے مدد کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے گا۔