حیدرآباد (نیوز ڈیسک): ہندوستان اور پاکستان سمیت پورے بر صغیر میں برسات کے موسم کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس موسم میں مختلف نوعیت کی بیماریوں اور انفیکشن کا پھیلاؤ عام بات ہے۔ موسم باراں میں اکثر ہسپتالوں اور کلینک پر مریضوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اگر ہم خود کو ان قطاروں میں کھڑا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں تو ضروری ہے کہ ہم اس موسم میں اپنی صحت اور قوت مدافعت کا خاص خیال رکھیں۔
اس کے لیے ہمیں اپنی خوراک میں قدرت کے خزانے سے ملنے والے پھلوں اور پھولوں کو خاص طور سے شامل کرنا ہوگا۔ طبی طور پر یہ بات ثابت ہے کہ ہماری صحت کے لیے پھلوں سے بہتر کوئی اور غذا نہیں ہے۔ جس سطح کی غذائیت، طاقت اور قوت مدافعت ہمیں پھلوں سے ملتی ہے، وہ کسی اور چیز سے نہیں ملتی۔ پیٹ اور ہاضمے کے لیے بھی پھلوں کا کوئی جواب نہیں۔ لیکن ہر پھل کی اپنی اپنی خصوصیت اور افادیت ہوتی ہے، نیز موسم کے اعتبار سے بھی پھلوں کی افادیت مختلف ہوتی ہے۔
خاص طور سے برسات کے موسم میں اگر ہم اپنے کھانے میں آلوبخارے کو شامل کرتے ہیں تو کسی حد تک اس موسمی پھل کے ذریعے انفکشن اور بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ آلو بخارہ ذائقہ میں میٹھا اور کھٹا ہوتا ہے۔ آلو بخارہ دراصل موسم باراں کا پھل ہے اور اس موسم میں جسم کے لیے درکار تمام ضروری غذائی اجزا، معدنیات اور وٹامنز اس میں وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
ہیلتھ لائن کی رپورٹ کے مطابق آلو بخارہ کو وٹامن سی کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جو کہ قوت مدافعت بڑھانے اور کئی اقسام کے انفیکشن سے تحفظ فراہم کرنے میں کارگر ثابت ہوتا ہے۔ اس پھل میں بہت سے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں، جو کئی دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔ آلو بخارے کا استعمال کرکے بھی آپ اپنی صحت بہتر بنا سکتے ہیں۔
آلو بخارہ غذائی ریشہ سے بھرپور ہوتا ہے جن میں سوربیٹول اور آئسٹین نمایاں طور پر پائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر اس کے ریشے جسم پیٹ اور ہاضمے کے لیے بھی بہت مفید ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ پھل خوبصورتی اور جلد میں نکھار پیدا کرتا ہے۔ یہ مختلف قسم کے لذیذ پکوان بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ اس پھل کو کھانے سے جسم کیسے فٹ رہتا ہے۔