بیدر: کرناٹک کے بیدر ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے نے کہا کہ ضلع میں جذام (کوڑھ کی بیماری) کا پتہ لگانے کی مہم 29 جولائی سے 14 اگست 2024 تک جاری رہے گی۔ ڈاکٹر گریش بدولے بیدر ضلع کے پنچایت آفس ہال میں جذام کے خاتمے سے متعلق ضلعی سطح کی رابطہ کمیٹی کے نفاذ اور نگرانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جذام ایک متعدی بیماری ہے، یہ بیماری مائکوبیکٹیریم (Mycobacterium) لیپری نامی جراثیم سے ہوتی ہے جو کہ متاثرہ شخص کو چھینکنے اور کھانسنے پر نکلتی ہے۔ ڈاکٹر گریش بدولے نے کہا کہ اس سے کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس بات کو چھپائے بغیر اپنے قریب واقع بنیادی مرکز صحت کے ڈاکٹروں سے مشورہ کریں۔ ابتدائی مرحلے میں ہی اس کا پتہ لگایا جاسکتا ہے اور متعدد ادویات سے مکمل طور پر ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ یہ اعصابی اور جلد کی بیماری ہے، جذام کی وجہ سے ہونے والی معذوری کے بارے میں محلے کے لوگوں کو مناسب معلومات دینا، ضروری علاج کرواتے ہوئے بلا تفریق عزت کے ساتھ علاج کرنا، مریض کی صحتیابی میں مدد کرنا، معاشرے میں اس مرض کے بارے میں مناسب آگاہی دینا۔ ابتدائی مرحلے میں بیماری کا پتہ لگانا اور ملٹی ڈرگ علاج کروانا نہ صرف اس بیماری کا مکمل علاج کر سکتا ہے بلکہ مستقبل میں ہونے والی معذوری کو بھی روک سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر معاشرے میں ہم سب مل کر اس سمت میں کام کریں تو یقینی طور پر اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔