جموں، 18 جنوری: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے بدھل علاقے میں 16 لوگوں کی پراسرار موت کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے وزارت داخلہ کی سربراہی میں آج ایک بین وزارتی ٹیم تشکیل دی ہے۔
یہ ٹیم صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت، زراعت کی وزارت، کیمیکل اور کھاد کی وزارت اور آبی وسائل کی وزارت کے ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ اس میں حیوانات، فوڈ سیفٹی اور فرانزک سائنس لیبز کے ماہرین کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔
وزارت داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے، "ٹیم 19 جنوری کو روانہ ہو گی اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے اور ساتھ ہی مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ ٹیم صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات بھی کرے گی۔ اور اموات کی وجوہات معلوم کرے گی۔" اموات کے اسباب کو سمجھنے کے لیے ملک کے چند معتبر اداروں کے ماہرین کو بلایا گیا ہے۔"
جموں و کشمیر حکومت نے پہلے ہی پولیس کی تحقیقات شروع کر دی ہے، وزیر صحت سکینہ ایتو نے کہا کہ انفلوئنزا یا کوئی اور وائرس اموات کے لیے ذمہ دار نہیں ہے۔ اب وزارت داخلہ اموات کی وجوہات جاننے کے لیے ایک ٹیم کی قیادت کرے گی۔