سہارنپور: اترپردیش کے دیوبند میں ہفتہ کی دوپہر اس وقت افراتفری مچ گئی جب مظفر نگر روڈ پر تلہری ٹول پر دو فریقوں کے درمیان خونریز تصادم ہوا۔ علاقے میں متنازعہ زمین پر نہ صرف دونوں فریقوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی بلکہ کئی راؤنڈ فائرنگ بھی ہوئی۔ فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہی نہیں وہاں کھڑی کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ضلع اسپتال بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی دوپہر میرگ پور گاؤں کے کچھ لوگ دیوبند قصبے میں تلہری چونگی کے قریب کچھ دکانوں کی زمین پر قبضہ کرنے آئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی دوسرا فریق وہاں پہنچ گیا اور اس کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران دونوں فریقوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ معاملہ بڑھنے پر دونوں طرف سے شدید فائرنگ ہوئی۔ گولیاں لگنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ ایک پارٹی گاؤں میرگ پور سے ہے، جب کہ دوسری پارٹی والمیکی بستی سے ہے۔ اس دوران کئی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ایس پی رورل ساگر جین فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔ دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے شاہراہ پر افراتفری مچ گئی۔
ایس پی رورل ساگر جین کا کہنا ہے کہ زمین پر قبضے کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا۔ لڑائی میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی اور الزامات لگائے۔ فی الحال حالات معمول پر ہیں اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔