اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

ہلدوانی فسادات میں جان گنوانے والے فہیم کے معاملے میں سی جے ایم کورٹ نے جواب طلب کیا - HALDWANI VIOLENCE - HALDWANI VIOLENCE

ایڈوکیٹ احرار بیگ کے مطابق سی جے ایم کورٹ نے اس معاملے میں بنبھول پورہ پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت اس ماہ کے آخر میں ہوگی۔

ہلدوانی فسادات
ہلدوانی فسادات

By UNI (United News of India)

Published : Apr 22, 2024, 8:04 PM IST

Updated : Apr 22, 2024, 9:41 PM IST

نینی تال: نینی تال کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی عدالت نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی فسادات میں جان گنوانے والے فہییم کی موت کے معاملے میں بنبھولپورہ پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔

سی جے ایم کورٹ میں متوفی کے بھائی پرویز عرف ببلو ساکن لائن نمبر 16، گاندھی نگر، بنبھول پورہ، ہلدوانی کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ فہیم کی موت فسادیوں کی گولیوں سے نہیں ہوئی ہے۔

اسے اس کے پڑوسی سنجے سونکر اور اس کے بیٹے ستیہ سونکر نے گولی مار کر ہلاک کیا۔ الزام لگایا گیا تھا کہ 8 فروری کو فساد کے دن سنجے سونکر، اس کے بیٹے ستیہ سونکر اور دیگر اس کے گھر کے نزدیک کھڑی گاڑیوں کو آگ لگا رہے تھے۔

اس وقت اس کا بھائی فہیم گھر میں تھا اور اس نے احتجاج کیا تو ملزمین نے اسے گولی مار دی۔ اسے فوری طور پر کرشنا اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ اس کے بعد ملزم کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کے گھر والوں کے ساتھ بدتمیزی کی۔ یہی نہیں گھر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ بنبھول پورہ پولیس اور چیف منسٹر پورٹل پر اس شکایت کی گئی تھی لیکن پولیس اس معاملے میں ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ مدعی کی جانب سے عدالت سے مقدمہ درج کرنے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں سنجے سونکر اور ستیہ سونکر سمیت سات لوگوں کو فریق بنایا گیا ہے۔

ایڈوکیٹ احرار بیگ کے مطابق سی جے ایم کورٹ نے اس معاملے میں بنبھول پورہ پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت اس ماہ کے آخر میں ہوگی۔

یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سال ہلدوانی کے بنبھول پورہ میں سرکاری زمین سے تجاوزات ہٹانے کے دوران ہنگامہ ہوا تھا۔ جس میں فہیم سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی تھی۔

یو این آئی۔

Last Updated : Apr 22, 2024, 9:41 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details