نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی جمعہ کو ہونے والے تمام سرکاری پروگرام بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ بھارت میں اقتصادی اصلاحات کے بانی منموہن سنگھ جمعرات کی شب 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
پی ایم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے منموہن سنگھ کے انتقال پر ایک تعزیتی پیغام بھی جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال سے ہم سب کو گہرا دکھ ہوا ہے۔ ان کا انتقال پورے ملک کے لیے ایک دھچکا ہے۔۔ان کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ہے کہ ہم کس طرح جدوجہد سے اوپر اٹھ کر بلندیوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔
پی ایم مودی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ، انہیں (منموہن سنگھ) ہمیشہ ایک ایماندار آدمی، ایک عظیم ماہر معاشیات اور ایک رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے خود کو اصلاحات کے لیے وقف کر دیا۔ ماہر معاشیات کی حیثیت سے انہوں نے ملک کے لیے بے شمار خدمات سرانجام دیں۔ ایک مشکل وقت کے دوران، انہوں نے آر بی آئی کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔۔۔ جب وہ سابق وزیر اعظم بھارت رتن پی وی نرسمہا راؤ کی کابینہ میں وزیر خزانہ تھے، انہوں نے معاشی بحران سے دوچار ملک کی معیشت کو ایک نئی سمت دی۔
کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی آنجہانی وزیراعظم منموہن سنگھ کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔