حیدرآباد: نئے سال کے آغاز کے حوالے سے ملک بھر کے لوگوں میں جوش و خروش ماحول ہے۔ لوگ اس خوشی کے موقعے کو اپنے اپنے انداز میں گزار رہے ہیں۔ لوگ ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دے رہے ہیں۔ سیاحتی مقام پر لوگوں کی بڑی بھیڑ امڈ پڑی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مذہبی مقامات پر صبح سے ہی لوگوں کا ہجوم ہے۔ کئی مقامات پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
صدر جمہوریہ کا نئے سال کا پیغام
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نئے سال 2025 کے موقعے پر تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دی۔ صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'نئے سال کے اس پرمسرت موقعے پر میں ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے تمام ہندوستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ نئے سال کی آمد ہماری زندگی میں نئی امیدوں، خوابوں اور امنگوں کا آغاز ہے۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ 'نئے سال کا موقع ہمیں اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے نئے جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ آئیے ہم نئے سال کا استقبال خوشی اور جوش کے ساتھ کریں اور اپنے معاشرے اور قوم کو اتحاد اور سربلندی کی راہ پر گامزن کریں۔'
پی ایم مودی نے نئے سال کی مبارکباد دی
وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے سال 2025 کے موقعے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکس پر کہا، 'امید ہے کہ یہ سال سب کے لیے نئے مواقع، کامیابی اور لامحدود خوشی لائے۔ سب کو اچھی صحت اور خوشحالی ملے۔
دنیا بھر میں نئے سال کا پرتپاک استقبال
سڈنی سے ممبئی اور نیروبی تک دنیا بھر کی کمیونٹیز نے نئے سال کا بڑے جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا۔ لوگوں نے ایک شاندار لائٹ شو، آتش بازی اور گلے ملنے کے ساتھ 2025 کا خیر مقدم کیا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے نئے سال 2025 کا استقبال پرجوش تقریبات اور شاندار آتش بازی کے ساتھ کیا۔