نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 18ویں لوک سبھا کے عام انتخابات کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے آج اس اعتماد کا اظہار کیا کہ انہیں ترقی یافتہ ہندوستان کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہم وطنوں کی مکمل حمایت، پیار اور آشیرواد حاصل ہوگا اور کہا کہ ان کی تیسری مدت میں بدعنوانی اور غربت کے خلاف جنگ تیز ہو جائے گی۔
مودی نے اس اعتماد کا اظہار الیکشن کمیشن کی جانب سے لوک سبھا انتخابات، چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور 13 ریاستوں کے اسمبلی ضمنی انتخابات کے اعلان کے بعد ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں کیا۔
مودی نے کہا، ’’جمہوریت کا سب سے بڑا تہوار شروع ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی-نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (بی جے پی-این ڈی اے) ان انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے اپنے ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر ہم عوام کے درمیان جائیں گے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہمیں مسلسل تیسری بار 140 کروڑ کنبہ کے افراد اور 96 کروڑ سے زیادہ ووٹروں کا پورا پیار اور آشیرواد ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے 10 سال قبل ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی تو ملک اور اس کے شہری انڈیا اتحاد کی غلط حکمرانی کا شکار تھے۔ گھپلوں اور پالیسیوں کے فالج سے کوئی بھی شعبہ اچھوتا نہیں رہا۔ ملک مایوسی کی گہرائیوں میں تھا اور دنیا نے بھی ہندستان پر اعتماد کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ہم نے ملک کو اس صورتحال سے نکالا اور آج ہندوستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ 140 کروڑ ہم وطنوں کی طاقت اور صلاحیت سے ہمارا ملک ہر روز ترقی کے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔ آج ہم دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بنے ہیں، اور کروڑوں ہندوستانی غربت سے باہر نکل آئے ہیں۔ ہماری حکومت کی اسکیمیں ملک کے کونے کونے اور سماج کے ہر طبقے تک پہنچی ہیں۔ ہم نے ملک کے 100 فیصد لوگوں تک پہنچنے کے لیے کام کیا ہے اور اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، "آج ہر ہندوستانی کو یہ احساس ہو رہا ہے کہ ایک ایماندار، پرعزم اور مضبوط ارادے والی حکومت کتنا کچھ کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت سے ہر اہل وطن کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان کے کونے کونے اور سماج کے ہر طبقے سے ایک آواز سنائی دے رہی ہے – اب کی بار 400 پار !‘‘