کولکاتا: گرفتار ٹی ایم سی لیڈر شیخ شاہجہان کے خلاف زمین پر قبضے کے معاملے میں ای ڈی صبح سے مغربی بنگال کے سندیشکھلی کے متعدد مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس کے لیڈر شاہجہان شیخ کی گرفتاری کے بعد حکمراں جماعت نے انہیں 6 سال کیلئے معطل کردیا ہے۔
ای ڈی حکام نے جمعرات کی صبح سات بجے راشن بدعنوانی معاملے کی جانچ شروع کی۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے جمعرات کو شیخ شاہجہاں کے قریبی مچھلی کے کئی تاجروں کے گھروں پر چھاپہ مارا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا راشن بدعنوانی کی رقم کو مچھلی کے کاروبار کی طرف موڑ دیا گیا تھا، یا بدعنوانی کی رقم کو بیرون ملک اسمگل کیا جا رہا تھا۔ تفتیش کاروں کو یقین ہے کہ راشن بدعنوانی کا پیسہ مچھلی کے کاروبار میں کام آیا ہے۔
اور اسی وجہ سے ای ڈی کے اہلکار صبح سے پہلے ہی شاہجہاں کے گڑھ میں پہنچ گئے۔ دن بھر کی کارروائی شروع کرنے کے بعد تفتیشی افسران نے ایک بڑی مرکزی فورس کو اپنے ساتھ لیا اور پھر تلاشی شروع کی۔ گھر کو مرکزی فورسز نے گھیر لیا ہے۔ ای ڈی 5 جنوری کے واقعہ کو نہیں دہرانا چاہتی یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس وجہ سے سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔