نئی دہلی:مرکز کی مودی حکومت نے مزدوروں کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ حکومت نے مہنگائی الاؤنس میں ترمیم کرکے مزدوروں کی اجرت کی شرح میں اضافہ کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مرکز نے یومیہ 1,035 روپے تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت مزدور کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایڈجسٹمنٹ کا مقصد مزدوروں کو زندگی کی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے میں مدد کرنا ہے۔
مرکزی حکومت کی طرف سے ترمیم کے بعد زون 'اے' میں تعمیر، جھاڑو، صفائی، لوڈنگ اور ان لوڈنگ جیسے غیر ہنر مند کاموں میں مصروف مزدوروں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 783 روپے یومیہ (20,358 روپے ماہانہ) ہو جائے گی۔
نیم ہنر مند کارکنوں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 868 روپے یومیہ (22,568 روپے ماہانہ) اور ہنر مند، کلریکل اور غیر مسلح چوکیداروں کے لیے 954 روپے یومیہ (،804 24روپے ماہانہ) ہوگی۔ انتہائی ہنر مند اور مسلح اہلکاروں کے لیے کم از کم اجرت کی شرح 1,035 روپے یومیہ (26,910 روپے ماہانہ) ہوگی۔
اجرتوں کی شرح میں اضافے کا حکومت کا نیا حکم نامہ یکم اکتوبر 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔ آخری نظر ثانی اپریل 2024 میں کی گئی تھی۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں، کم از کم اجرت کی شرحوں کی درجہ بندی مہارت کی سطح کی بنیاد پر کی جاتی ہے - غیر ہنر مند، نیم ہنر مند، ہنر مند اور انتہائی ہنر مند - نیز جغرافیائی علاقے - A، B اور C کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ وزارت محنت نے کہا کہ مزدوروں، خاص طور پر غیر منظم شعبے میں کام کرنے والوں کی مدد کے لیے ایک اہم قدم میں مرکزی حکومت نے مہنگائی الاؤنس (VDA) میں ترمیم کرکے کم از کم اجرت کی شرحوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں: آدھار کارڈ سے متعلق جرائم کرنے والوں سے ہوشیار رہیں - Aadhaar Card
مرکزی سیکٹر کے اداروں میں عمارت کی تعمیر، لوڈنگ اور ان لوڈنگ، نگرانی اور حفاظت، جھاڑو، صفائی، ہاؤس کیپنگ، کان کنی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اجرت کی نظرثانی شدہ شرحوں سے فائدہ ہوگا۔ مرکزی حکومت صنعتی کارکنوں کے لیے صارفین کی قیمت کے اشاریہ میں چھ ماہ کے اوسط اضافے کی بنیاد پر یکم اپریل اور یکم اکتوبر سے سال میں دو بار VDA میں ترمیم کرتی ہے۔